29-06-2017

انٹرنیشل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی نئی  رینکنگ جاری کردی ہے ۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق پاکستان کے  لیفٹ آرم اسپنر عماد وسیم کیریئر میں پہلی بار بہترین پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پہلے نمبر پر آگئے، باؤلنگ کٹیگری میں دوسرا نمبر بھارتی فاسٹ بالر جسپریت بمراہ کا ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے عمران طاہر دو درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔بلے بازوں کی کٹیگری میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی پہلے نمبر پر براجمان ہیں، ٹی ٹوئنٹی کے بہترین بلے بازوں میں آسٹریلیا کے ایرون فِنچ کا دوسرا اور نیوزیلینڈ کے کین ولیمسن کا تیسرا نمبر ہے۔بلے بازوں کی فہرست کے ٹاپ 20 بیٹسمین میں پاکستان کا کوئی بلے باز شامل نہیں۔ٹیم رینکنگ میں نیوزی لینڈ 125 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے، انگلینڈ کی ٹیم ایک درجہ بہتری کے بعد 123 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر آگئی ہے جس کے بعد پاکستانی ٹیم 121 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلی گئی۔ٹیم رینکنگ میں بھارتی ٹیم چوتھی، ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹی اور آسٹریلیا ساتویں پوزیشن پر چلی گئی ہے، فہرست میں سری لنکا کا آٹھواں، افغانستان کا نواں اور بنگلہ دیش کا دسواں نمبر ہے۔