20-06-2017

آئی سی سی نے ٹیم آف چیمپئنز ٹرافی کا اعلان کردیا ہے اور پاکستان ٹیم کے فاتح کپتان سرفراز احمد کو آئی سی سی الیون کا کپتان بنایا گیا ہے جبکہ اوپنر فخر زمان، حسن علی اور جنید خان بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

ٹیم آف چیمپئنز ٹرافی کے انتخاب کیلیے قائم جیوری کے چیئرمین آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ جیف الارڈس تھے، جیوری کے ارکان میں انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن، بھارت کے سارو گنگولی، پاکستان کے رمیز راجہ کے علاوہ کرکٹ رائٹر لارنس بوتھ اور جولین گیئر شامل تھے۔ جیوری نے میگا ایونٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر پلیئرز کا انتخاب کیا اور اعدادو شمار کو بھی مد نظر رکھا گیا۔

سرفراز احمد کو ان کی متاثر کن قیادت کی وجہ سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ٹیم میں 4 پاکستانی، 3 بھارتی، 3انگلش جبکہ ایک بنگلا دیشی پلیئر کوشامل کیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو 12 ویں کھلاڑی کے طورپررکھا گیا ہے۔