09-06-2018

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کی تازہ درجہ بندی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم بدستور سر فہرست ہے۔ آسٹریلیا دوسرے اور بھارت تیسری پوزیشن پر براجمان ہے۔ جبکہ دیگر  ٹیموں میں نیوزی لینڈ چوتھے، انگلینڈ پانچویں اور جنوبی افریقا چھٹے نمبر پر ہے۔ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کا ساتواں نمبر ہے۔بنگلہ دیش کو تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے بعد افغانستان کی ٹیم رینکنگ ٹیبل پر بنگلہ دیش اور سری لنکا سے اوپر آگئی ہے۔

 اسی طرح نئی رینکنگ کے مطابق بہترین بیٹسمینوں کی فہرست میں پاکستان کے بابر اعظم بدستور پہلے نمبر پر  موجود ہے جبکہ  کولن منرو دوسرے، گلین میکس ویل تیسرے، ایرون فنچ چوتھے اور ایون لوئیس پانچویں نمبر پر ہیں، جبکہ بولنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلی پوزیشن پر ہیں اور پاکستان کے شاداب خان دوسرے نمبر پر ہیں، بولنگ دورجہ بندی میں پاکستان کے عماد وسیم نویں اور محمد عامر 13 ویں پوزیشن پر ہیں، آل راؤنڈر میں میکس ویل پہلے، افغانستان کے محمد نبی دوسرے، پاکستان کے شعیب ملک نویں اور محمد حفیظ 11ویں پوزیشن پر ہیں۔ ٹاپ بولرز کی فہرست کی خاص بات یہ ہے کہ10 میں سے 9 پوزیشن اسپنرز کے پاس ہیں۔