21-11-2017

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت کے دوران ملزم اسحاق ڈار کو مفرور قرار دے دیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب کی جانب سے دائر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت کی۔

عدالت نے اسحاق ڈار کو مفرور ملزم قرار دینے کی نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے اسحاق ڈار کے وکیل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ اور ملزم کی غیر حاضری میں نمائندہ مقرر کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی۔

فاضل جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے ضامن احمد علی قدوسی کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 نومبر تک تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا، عدالت نے ضامن سے استفسار کیا کہ کیوں نہ 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے ضبط کر لئے جائیں۔عدالت نے  ریفرنس کی مزید سماعت 4 دسمبر تک کے لئے ملتوی کردی۔