16-11-2017

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مذہبی جماعتوں کو فیض آباد انٹرچینج پر گذشتہ 8 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ بنچ نے ختم نبوت کی شقوں میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی درخواست کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران جسٹس شوکت صدیقی نے مذہبی جماعت کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ لوگ قانون کی پابندی کریں، آپ کی پٹیشن دھرنا ختم کرنے سے مشروط ہوگی۔

 عدالت نے مذہبی جماعتوں کو  فیض آباد انٹرچینج پر دھرنا ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دھرنا ختم کریں تاکہ عوام کی مشکلات ختم ہوں، دھرنے سے بچے، بوڑھے، ملازمین اور طالب علم سب متاثرہو رہے ہیں۔

 عدالت نے کیس کی مزید سماعت 29 نومبر تک کے لیے ملتوی کردی۔