24-03-2017

آسٹریا کے شہر رامسو میں جاری 2017 اسپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز میں پاکستان کی خواتین ٹیم نے ایک اور سونے کا تمغہ حاصل کرلیا ہے۔

پاکستان کی خواتین سنو شوئنگ ٹیم نے چار ضرب چار دو میٹر ریلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور گولڈ میڈل کی حق دار ٹھہری۔قومی ٹیم فاطمہ عامر، فرح احسان،رمشا نعیم اور صباحت طارق پر مشتمل تھی اور ٹیم نے مقررہ فاصلہ ایک منٹ 54.20 سیکنڈز میں طے کیا۔

پاکستان کی مردوں کی ٹیم نے بھی اسی ریس میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

واضح رہے کہ اس میگا ایونٹ میں پاکستان اب تک 14 تمغے حاصل کرچکا ہے جن میں 3 گولڈ میڈل بھی شامل ہیں۔

دوہزار سترہ کے ونٹر گیمز میں 110 ملکوں کے تقریباً تین ہزار اسپیشل اولمپکس ایتھلیٹس شرکت کر رہے ہیں۔