18-10-2017

پشاور ہائی کور ٹ نے تحریک انصاف کے اقلیتی رکن بلد یو کمار کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے لئے دائر رٹ درخواست پر صوبائی حکومت اور سپیکر صوبائی اسمبلی کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا ہے ۔

جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی بلدیو کمار کی رٹ درخواست کی سماعت کی جس میں عدالت کوبتایا گیا کہ بائیس اپریل دو ہزار سولہ کو پی ٹی آئی کے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی سردار سورن سنگھ کا بونیر میں قتل ہوا چونکہ درخواست گزار پی ٹی آئی کی فہرست میں دوسرے نمبر پر تھا اس بناء پر تئیس اگست دو ہزار سولہ کو الیکشن کمیشن نے ان کی کامیابی کا نوٹی فیکیشن جاری کیا لیکن صوبائی اسمبلی کے سپیکر نہ ہی انہیں طلب کر رہے ہیں اور نہ ہی انہیں صوبائی اسمبلی میں پیش کرنے کےلئے پروڈکشن آرڈر جاری کرتے ہیں تاکہ وہ اپنا حلف لے سکے ۔لہذا سپیکر صوبائی اسمبلی کو ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ وہ رکن صوبائی اسمبلی کی حیثیت سے حلف لیں۔