22-03-2017

قومی سلیکشن کمیٹی نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کی سربراہی میں انڈر 23 ایمرجنگ کرکٹ کپ کیلیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ حارث سہیل ان کے نائب ہوں گے۔ دیگر پلیئرز میں امام الحق، جاہد علی، عمران بٹ، خوشدل شاہ، حسین طلعت، بلال آصف، اسامہ میر، ظفر گوہر، ثمین گل، احمد بشیر، عماد بٹ اور حماد اعظم شامل ہیں جبکہ ٹیم منیجمنٹ کے 7 ارکان بھی بنگلادیش جائیں گے ۔

ستائیس مارچ سے 3 اپریل تک کھیلے جانے والے ایونٹ میں میزبان بنگلا دیش، پاکستان، بھارت، سری لنکا، افغانستان، ملائیشیا، ہانگ کانگ اور نیپال کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ پاکستان کی ٹیم پہلا میچ 27 مارچ کو نیپال کے خلاف کھیلے گی، 28 مارچ کو ہانگ کانگ اور 30 مارچ کو بنگلا دیش کے مد مقابل ہوگی۔