16-05-2017

لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ انسان میں اللہ کے سوا کسی کا بھی ڈر نہیں ہونا چاہئیے ان کا کہنا تھا کہ  ان کے پروفیشن میں سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

لاہور کے مقامی ہوٹل میں انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ اقتصادی ترقی میں آئی کیپ کا کردار بہت اہم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا چارٹر اکاؤنٹنٹ مضبوط ہوگا تو پاکستان مضبوط ہو گا۔ ون بیلٹ ون روڈ سی پیک منصوبے کے نتیجے میں ملک کی مجموعی پیداوار میں اضافہ کی امید ہے۔ ایسے میں ہمیں مزید پروفیشنل چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی کیپ کا شمار اکاؤنٹنگ و آڈٹ کے بہترین انسٹی ٹیوٹ کے طور پر ہوتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس آف لاہور ہائی کورٹ نے آئی کیپ کے 265 گریجویٹس میں میڈلز اور اسناد بھی تقسیم کیں۔