07-04-2017

سپریم کورٹ کے جسٹس عظمت سعید نے کہا ہے کہ عدالت تاریخی ورثہ کی قیمت پر اورنج لائن ٹرین چلانے کی اجازت نہیں دے گی، اس بات پر عدالت اور حکومت سب متفق ہیں کہ تاریخی ورثے کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5رکنی لارجر بنچ نے اورنج لائن کیس کی سماعت کی، جسٹس اعجاز افضل نے ریماکس دیے کہ اگر ضرورت ہوئی تو عدالت تکنیکی ماہرین کو بریفنگ کے لیے بلائے گی۔انہوں نے استفسار کیا کہ کیا ماہرین نے زمین اور موقع کا معائنہ کیا یا صرف کمپیوٹر پر جائزہ لیا؟درخواست گزار کی وکیل نے کہا کہ ہم ترقی کے خلاف نہیں لیکن تاریخی ورثہ بچانا چاہتے ہیں۔اس پرجسٹس عظمت سعید نے کہا کہ یقین رکھیں عدالت بھی تاریخی ورثے کی قیمت پر اورنج لائن کی اجازت نہیں دے گی۔ فاضل عدالت نے اورنج لائن ٹرین کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی ۔