02-11-2017

خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں جوڈیشل افسران کے لئے سائبر کرائم کے موضوع پر دو روزہ خصوصی تربیتی پروگرام کا آغاز ہو گیا ہے ۔

یو این ڈی پی اور ایس آر ایل پی کے تعاون سے سائبر کرائم کے موضوع پر منعقد ہونے والے دو روزہ تربیتی پروگرام میں صوبے کے مختلف اضلاع میں تعینات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز سمیت سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس شریک ہیں ۔

افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی محمدمسعود خان نے شرکاء کو جوڈیشل اکیڈمی آمد پر خوش آمدیدکہتے ہوئے سائبر کرائم کے موضوع پر منعقدہ خصوصی تربیتی پروگرام کے اغراض و مقاصد اور اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے بتایا کہ یو این ڈی پی اور  ایس آر ایل پی کے تعاون سے جوڈیشل اکیڈمی متعدد موضوعات پر صوبے کے جوڈیشل افسران کےلئے خصوصی تربیتی کورسز کےلئے ٹریننگ پروگرامز منعقد کر رہی ہے اور سائبر کرائم کے موضوع پر اس سے قبل بھی خصوصی تربیتی پروگرامز منعقد کر چکی ہے ۔

 انہوں نے بتایا کہ جوڈیشل اکیڈمی آئندہ بھی اس موضوع پر تربیتی پروگرامز منعقد کرے گی تاکہ صوبے کے دیگر جوڈیشل افسران کو بھی موضوع پر خصوصی تربیت دی جا سکے ۔ ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس تربیتی پروگرام سے شرکاء کے علم میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔