24-05-2017

پشاور ہائی کورٹ نے بدامنی کے واقعات کے دوران ہسپتالوں میں وی آئی پیز کی آمد پر پابندی کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرنے کےلئے پشاور پریس کلب کے صدر اور جنرل سیکرٹری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں پانچ جون کو عدالت طلب کر لیا ہے۔

محمد خورشید ایڈوکیٹ کی جانب سے دہشت گردی اور حادثات کے دوران وی آئی پیز کی ہسپتالوں میں آمد پر پابندی کے لئے دائر رٹ درخواست کی سماعت کے دوران پشاور ہائی کورٹ کے دورکنی بنچ کے رکن جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیئے کہ بدامنی کے واقعات ہونے کے بعد وی آئی پیز اپنی لاو لشکر کے ساتھ ہسپتال پہنچ جاتے ہیں جس سے مریضوں کے فوری علاج میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں ۔

فاضل بنچ نے اس حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرنے کےلئے پشاور پریس کلب کے صدر اور جنرل سیکرٹری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں پانچ جون کو عدالت طلب کر لیا۔