07-11-2017

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ بنچ اور بار عدالتی نظام کا ناگزیر حصہ ہیں۔ یہ بنچ اور بار دونوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی کے لئے ان کی توقعات اور قانونی ضروریات پوری کریں۔
ان خیالات کا اظہار فاضل چیف جسٹس پاکستان نے سپریم کورٹ  بار ایسوسی ایشن کی نومنتخب صدر سید محمد کلیم احمد خورشید  اور سبکدوش ہونے والے صدر رشید اے رضوی کی سربراہی میں کابینہ کے اراکین سے سپریم کورٹ میں ملاقات کے دوران کیا ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے لئے بار کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کے تعاون کے بغیر انصاف کی فراہمی کا مقصد پورا نہیں ہوسکتا۔
اس موقع پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر سید محمد کلیم احمد خورشید نے چیف جسٹس پاکستان  کی انصاف کی فراہمی کے عمل میں کردار کو سراہتے ہوئے عدلیہ کے ادارے کی مضبوطی اور قانون کی حکمرانی اور آزاد عدلیہ کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی اجلاس کے آخر میں چیف جسٹس پاکستان نے سبکدوش ہونے والی بار ایسوسی ایشن کے ارکان کو جذبہ خیر سگالی کے طور پر شیلڈز دیں۔