09-08-2017

پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔

رپورٹس کےمطابق بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے جس پر پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور کنٹرول لائن پر جاری اشتعال انگیزی پر احتجاج کیا۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا جس میں کہا گیا کہ بھارت مسلسل کنٹرول لائن پر فائرنگ کرکے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے۔

پاکستان نے موقف اختیارکیا کہ کنٹرول لائن پربھارتی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا واقعہ ناقابل قبول ہے، بھارتی فورسز سیز فائرمعاہدے کا احترام اور فائرنگ کے واقعات کی تحقیقات کریں جبکہ بھارت اپنی فورسز کو اشتعال انگیزی سے روکے۔

واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی خاتون شہید اور دوسری زخمی ہو گئی تھیں۔