04-04-2018

سپریم کورٹ نے تارکین وطن پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینےسے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران اس حوالے سے جمعرات کو نادرا کی جانب سے وضع کئے جانے والے ابتدائی سافٹ ویئر کی سپریم کورٹ کے آڈیٹوریم میں پریذنٹیشن دینے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس  میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔

عدالت نے سیکرٹری الیکشن کمیشن پاکستان  کواس حوالے سے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کے تجویز کردہ پانچ پانچ اراکین پارلیمنٹ ، پارلیمنٹ میں نمائندگی کی حامل تمام پارلیمانی جماعتوں کے دو دو اراکین پار لیمنٹ ، سیکرٹری ہائے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ،داخلہ ، خارجہ ،اعلیٰ ترین آئی ٹی ماہرین،اس کیس کے محرک عابد حسن منٹو اور میڈیا کو دعوت دینے کی ہدایت بھی  کی۔