16-08-2017

ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز نے ملک بھر کے تمام ائیرپورٹس پر  اپنے افسران کو پروٹوکول دینے سے روک دیا اور ملک بھر کے ایف آئی اے زونز کو خط میں انتباہ کیا گیا ہے کہ اگر کوئی بھی افسر کسی کاؤنٹر پر مسافر کو پروٹوکول دیتا ہوا دکھائی دیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

ڈائریکٹر امیگریشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ امیگریشن کاؤنٹرز کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے لازمی مانیٹر کیا جائے اور اگر کوئی افسر کسی کاؤنٹر پر پروٹوکول دیتا پایا گیا تو امیگریشن کے عملے کو معطل کردیا جائے گا جبکہ عملے اور شفٹ انچارج کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

 خط میں بیرون ملک جانے والے مسافروں کو ہراساں کرنے پر بھی کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ پروٹوکول پر پابندی وزارت داخلہ کے حکم پر لگائی گئی ہے ۔