13-03-2017

صدر مملکت ممنون حسین نے جسٹس احمد علی شیخ کو سندھ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقررکردیا ہے جبکہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ اب سپریم کورٹ کے جج ہوں گے۔

وزارت قانون کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم پاکستان کی تجویز پر سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کو سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے تقرری کی منظوری دے دی ہے جبکہ جسٹس احمدعلی شیخ اب سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تعینات کئے گئے ہیں۔ وزارت قانون نے دونوں ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

واضح رہے کہ جسٹس سجاد علی شاہ کی سپریم کورٹ میں تقرری اور جسٹس احمد علی شیخ کی بحیثیت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ تعیناتی  کی سفارش جوڈیشنل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی پہلے ہی دے چکی ہے۔