ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور محمد مسعود خان نےپروبیشن سروس ٹریننگ مکمل کرنے پرسول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس کو مبارک باد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایک ماہ پر محیط اس پروبیشن سروس ٹریننگ  سے نہ صرف شرکاء کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہو گا بلکہ اس سے لوگوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی میں بھی مددملے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس بنچ ٹو کی تقسیم اسناد کی تقریب سے اپنے خطاب میں کیا ۔

ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے کہا کہ خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی نے دو ہزار بارہ سے دو ہزار سولہ کے درمیانی عرصہ میں جوڈیشل افسران اور نظام انصاف سے منسلک تمام سٹیک ہولڈرز کے مختلف ایک سوبتیس ٹریننگز، سیمینارز اور ورک شاپس کے ذریعے تین ہزار پانچ سو ستاسی شرکاء کو ٹریننگ فراہم کی ہے ۔

ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی محمد مسعود خان نے بتایا کہ موجودہ ٹریننگ پروگرام سے قبل سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس  کے پہلے بنچ  میں چونتیس جوڈیشل افسران کی پروبیشن سروس ٹریننگ مکمل کی جاچکی ہے جبکہ تیسرے بیچ  میں مزید تینتس جوڈیشل افسران شریک ہوں گے  جو تیرہ مارچ سے تیرہ اپریل دو ہزار سترہ تک جاری رہے گا۔

ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے کہا کہ چیئرمین خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی ، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں جوڈیشل اکیڈمی مختلف کورسز ڈیزائن کر رہی ہے جن کے تحت صوبہ کے مختلف اضلاع میں تعینات جوڈیشل افسران سمیت نظام انصاف سے منسلک دیگر سٹیک ہولڈرز کےلئے تربیتی پروگرامز منعقد کئے جائیں گے ۔