02-10-2017

احتساب عدالت نے نواز شریف کے بیٹوں حسن ، حسین نواز  اور ان کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ناقابل ضمانت جبکہ بیٹی مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نواز شریف ، ان کے بچوں حسین، حسن، مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔سابق وزیراعظم نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے تاہم ان کے بچے اور داماد  حاضر نہیں ہوئے ۔عدالت کے روبرو نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ مریم، حسین اور حسن نواز کی والدہ علیل ہیں اور لندن میں زیرعلاج ہیں، نواز شریف عدالت میں پیش ہوگئے ہیں تو ان کے بچے بھی پیش ہوجائیں گے۔ عدالت نے وکلا کی یقین دہانی کو مسترد کرتے ہوئے حسن، حسین اور کیپٹن (ر) صفدر کے ناقابل ضمانت جبکہ مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیےہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی