14-11-2017

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹوں حسن اور حسین نوازکے اثاثے قرقی کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں آج حسن اور حسین نواز کے خلاف نیب کی جانب سے دائر کردہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ نیب کی جانب سے حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دینے کی تعمیلی رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔

سماعت کے دوران فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں تفتیشی افسر محمد کامران، العزیزیہ اسٹیل ملز کے تفتیشی افسر محبوب عالم اور ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کے تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے اپنے بیانات قلمبند کرادیئے۔عدالت نے مزید سماعت کل تک ملتوی کردی جس کے باعث ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کا عمل کل مکمل کیا جائے گا۔