02-08-2017

پشاور ہائی کورٹ نے عدالتی احکامات کے باوجود خاتون پرائمری سکول ٹیچر  کو بحال نہ کرنے پر ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اور ایڈوکیٹ جنرل خیبر پختونخوا کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا ہے ۔

جسٹس اکرام اللہ خان اور جسٹس لعل جان خٹک پر مشتمل دو رکنی بنچ نے دائر رٹ درخواست کی سماعت کی جس میں عدالت کوبتایا گیا کہ درخواست گزارہ ہنگو کی رہائشی ہے جس کو پانچ مئی دو ہزار چودہ کو پرائمری سکول ٹیچر تعینات کیا گیا تھا اور بعد میں طویل غیر حاضری کی بناء پر اسے ملازمت سے برطرف کر دیا گیا تھا اور اس حوالے سے پشاور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی گئی اور عدالت نے پچیس مئی دو ہزار سترہ کو ملازمت پر بحالی کےاحکامات جاری کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کو اس حوالے سے انکوائری کرنے کے احکامات جاری کئے تھے تاہم عدالتی احکاما ت پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا ۔