24-03-2017

صدر مملکت ممنون حسین کی منظوری سے یوم پاکستان کے موقع پر مختلف شعبوں میں بہترین خدمات کے اعتراف میں 132 شخصیات کو سول ایوارڈز دی دیئے گئے جن میں ہلال شجاعت، ہلال امتیاز، ستارہ پاکستان، ستارہ شجاعت اور ستارہ امتیاز ایوارڈز شامل ہیں۔

ایوارڈز دینے کی مرکزی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی جس میں صدر ممنون حسین نے ایوارڈز دیئے جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں کے گورنر ہاس میں بھی خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں جن میں صدر کی جانب سے ایوارڈز عطا کیے گئے۔ خیبر پختونخوا کی چودہ شخصیات کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی ، ہلال امتیاز ، ستارہ امتیاز، تمغہ شجاعت اور تمغہ امتیاز دیئے گئے ۔

گورنر ہاوس خیبر پختونخوا  میں منعقدہ تقریب میں گورنر خیبر پختونخوا نے صدر مملکت کی جانب سے یہ ایوارڈز دیئے ۔سینئر صحافی اسماعیل خان کو شعبہ صحافت ، مسز ستارہ گل مرحومہ، مسز کنیز نرگس مرحومہ اور ڈاکٹر یعقوب خان مرحوم کو عوامی خدمت کے شعبہ میں صدارتی ایوارڈز برائے حسن کارکردگی ، سائنس و بائیو کیمسٹری کے شعبہ میں وسیم احمد کو ہلال امتیاز ، سائنس کے شعبہ میں سابق وائس چانسلر جامعہ پشاورپروفیسر ڈاکٹر رسول جان کو ستارہ امتیاز ، عبدالواحد خان شہید، فضل نعیم ، لیاقت علی اور بریگیڈیئر عمران مشتاق کو شجاعت دکھانے کے اعتراف میں تمغہ شجاعت جبکہ محمد الہی بخش کو خطاطی ، سیدہ حسینہ گل کو ادب ، ناصر علی سید کو ادب اور شاہ روم خٹک کو عوامی خدمات کے شعبہ میں ان کی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا ۔