03-05-2017

خیبرپختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں جوڈیشل افسران کےلئے فنانشل کرائمز کے موضوع پر دو روزہ تربیتی پروگرام شروع ہو گیا ہے ۔

دو روزہ خصوصی تربیتی پروگرام میں پشاور سمیت صوبہ کے مختلف اضلاع میں تعینات  تیس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اورایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز شریک ہیں ۔

تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی محمدمسعود خان ، ڈین فیکلٹی خواجہ وجہہ الدین ، سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد آصف خان ، سینئر ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ پبلی کیشن سہیل شیراز نور ثانی اور ڈائریکٹر انسٹرکشنز  ضیاء الرحمان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی محمد مسعود خان نے شرکاء کو جوڈیشل اکیڈمی آمد اور دو روزہ خصوصی تربیتی پروگرام میں شرکت پر خوش آمدید کہتے ہوئے فنانشل کرائمز کے موضوع پر ہونے والے دو روزہ خصوصی تربیتی پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کئے ۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین جوڈیشل اکیڈمی ، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی کی خصوصی ہدایات پر فنانشل کرائمز کے موضوع پر  دو روزہ خصوصی کورس مرتب کیا گیا ہے جو موضوع سے متعلق تمام حدود کو کور کریں گی ۔

انہوں نے اس امید کااظہار کیا کہ دو روزہ خصوصی تربیتی پروگرام سے نہ صرف شرکاء کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے کاز کو بھی مزید تقویت ملے گی ۔

بعد میں دو روزہ تربیتی پروگرام کے پہلے دن ریسورس پرسن اظہر نعیم قرنی نے دو سیشنز میں فنانشل کرائمز  کے مختلف موضوعات پر لیکچرز اور سوال جواب کا سیشن لیا جبکہ ریسورس پرسن عمران سہیل نے منی لینڈرنگ  سے متعلق موضوع پر خصوصی لیکچر لیا اور سوال جواب سیشن میں شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے ۔