02-03-2017

پشاور ہائی کورٹ نے پولیٹکل انتظامیہ خیبر ایجنسی کو قائم مختلف حوالاتوں میں قیدیوں کو خوراک سپلائی کرنے والے ٹھیکدار کو بقایاجات کی ادائیگی کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی اورجسٹس اکرام اللہ خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے دائر رٹ درخواست کی سماعت کی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار گزشتہ ایک سال سے خیبر ایجنسی کی پولیٹکل انتظامیہ کے حوالاتوں میں پابند سلاسل قیدیوں کو خوراک اور دیگر اشیاء سپلائی کر رہا ہے اور اڑھائی کروڑ روپے کے بقایاجات بن چکے ہیں جو کہ پولیٹکل انتظامیہ نے ادا کرنے ہیں لیکن اس کی ادائیگی نہیں کی جا رہی ہے لہذا فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ ان کی بقایاجات کی ادائیگی کے احکامات جاری کئے جائیں ۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر پولیٹکل انتظامیہ کو فی الفور ٹھیکدار کی بقایا جات ادا کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔