03-04-2017

خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں صوبہ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوان وکلاء کےلئے دوسرا پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز ہو گیا ہے جو سات اپریل تک جاری رہے گا  اس پانچ روزہ تربیتی پروگرام میں شعبہ وکالت میں قدم رکھنے والے نئے وکلاء کے دوسرے بیچ کو تربیت دی جا رہی ہے ۔

پانچ روزہ تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی محمدمسعود خان ، سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمدآصف خان ، ڈین فیکلٹی خواجہ وجہہ الدین ، سینئر ڈائریکٹرریسرچ اینڈ پبلی کیشن شیراز نور ثانی اور ڈائریکٹر انسٹرکشن ضیاء الرحمان سمیت شرکاء ٹریننگ نے شرکت کی ۔

ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی محمد مسعود خان نے اپنے خطاب میں شرکاء کو پانچ روزہ تربیتی پروگرام  کےلئے جودیشل اکیڈمی آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ چیئرمین خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبہ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوان مرد و خواتین وکلاء کی تربیت کےلئے خصوصی کورس مرتب کیا گیا ہے جس کے تحت رواں سال تین سو نئے لاء گریجویٹس کو تربیت دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پانچ ، پانچ دنوں پر محیط ان خصوصی تربیتی پروگرامز میں شعبہ وکالت میں قدم رکھنے والے نئے وکلاء کو مختلف پیشہ وارانہ امور کی عملی مشقیں کرائی جائیں گی اور یہ پانچ روزہ تربیتی پروگرام اس سلسلے کا دوسرا تربیتی پروگرام ہے ۔

ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے کہا کہ خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی میں سرچ سیل کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے جو عدالت عالیہ کو مختلف امور میں معاونت فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں سال جوڈیشل اکیڈمی پشاور نظام انصاف سے منسل جملہ افراد و شعبہ ہاکے تجویز کردہ پندرہ سو نمائندوں کو تربیت فراہم کرے گی جن میں تین سو نئے وکلاء اور بارہ سو جج صاحبان ، پراسیکیوٹرز اور تفتیش کار شامل ہیں جن کی پیشہ وارانہ استعداد اور صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا ئے گا ۔ ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی محمد مسعود خان نے بتایا کہ رواں سال ریسرچ وینگ جوڈیشل اکیڈمی نے  تین ریسرچ سٹڈیز کرانےکا فیصلہ کیا ہے جبکہ چیئرمین جوڈیشل اکیڈمی کی ہدایات کی روشنی میں جوڈیشل اکیڈمی اپنی موجودہ ٹریننگ مینولز کو “ڈیویلپ اور ری ڈیزائن ” کرنے جا رہی ہے تاکہ اس کو اکیڈیمک سے مزید پروفیشنل ٹریننگ بنایا جا سکے ۔

 آج پانچ روزہ تربیتی پروگرام کے پہلے دن ریسورس پرسنز  یوسف رضا خلیل ، ذوالفقار خان ، ڈین فیکلٹی خواجہ وجہہ الدین اور بیرسٹر ڈاکٹر عدنان خان نے مختلف موضوعات پر الگ الگ لیکچرز دیئے اور پریکٹیکل ایکسرسائزز کروائے۔