25-10-2017

خیبرپختونخوااسمبلی نے پبلک سروس کمیشن ممبران کی مدت بڑھانے، معدنیات کی لیز کے معاملات کی نگرانی کے ترمیمی بل منظورکرلئے جبکہ نشہ آوراشیاء کے استعمال پرپابندی کابل مزیدبہتری کیلئے سلیکٹ کمیٹی کے سپردکردیا گیا ہے۔

اجلاس کے دورا ن محکمہ ایکسائز کی جانب سے انسداد منشیات بل ایوان میں پیش  کیا تو بل کو سلیکٹ کمیٹی کے حوالے  کیا گیا ۔ ایوان نے منرل سیکٹرگورننس بل2017ء کی منظوری دی جس کا اطلاق اس سال 3جنوری سے ہوگا اس بل کی روسے منرلز سرمایہ کاری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایاجائے گا جو قومی وبین الاقوامی سطح پر معدنیات کی ترقی اور اس کی لیزنگ سے متعلق معاملات کی نگرانی کرے گی جس کے سربراہ وزیر معدنیات ہوں گے جبکہ اس کے ممبران میں متعلقہ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین بھی شامل ہوں گے۔ اجلاس میں ابتدائی وثانوی تعلیم سے متعلق فائونڈیشن کا ترمیمی بل اورلوکل گورنمنٹ ترمیمی بلوں کی بھی منظوری دی گئی ،لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کی رو سے جو لوکل ایریا ترقیاتی ادارے جہاں قائم ہوئے اور کام کررہے ہیں وہ اسی جگہ کام کرتے رہیں گے ۔ایوان نے پبلک سروس کمیشن ترمیمی بل کی بھی منظوری دے دی جس کے تحت کمیشن کے ممبران کا دورانیہ تین سے بڑھا کر 5 سال کردیاگیا۔