13-04-2017

خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں حال ہی میں بھرتی ہونے والے سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس  کے تیسرے بیچ کا ایک مہینے پر محیط پروبیشن سروس ٹریننگ  پروگرام مکمل ہو گیا ہے۔ اس طر ح ایک سو تین سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس کی پروبیشن پری سروس ٹریننگ مکمل ہو گئی ہے ۔ خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی میں نئے تعینات سول ججز کی تین بیچز میں پری سروس ٹریننگ کرائی گئی جس میں پہلے بیچ کی تین سے  اکتیس جنوری دو ہزار سترہ تک ، بیچ ٹو کی سولہ فروری سے سات مارچ دو ہزار سترہ تک جبکہ تیسرے اور آخری بیچ کی پری سروس ٹریننگ تیرہ مارچ سے تیرہ اپریل تک جاری رہی جس میں مجموعی طور پر ایک سو تین سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس کی پری سروس ٹریننگ کرائی گئی ۔

پروبیشن سروس ٹریننگ کی اختتامی تقریب خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی محمدمسعود خان ، ریٹائرڈ جج عبدالمتین ، سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد آصف خان ، ڈین فیکلٹی خواجہ وجہہ الدین ، سینئر ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ پبلی کیشن سہیل شیراز نور ثانی ، ڈائریکٹر انسٹرکشن ضیاء الرحمان سمیت شرکاء اور اکیڈمی کے دیگر افسران نے شرکت کی ۔

اختتامی تقریب سے اپنے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی محمد مسعود خان نےپروبیشن سروس ٹریننگ مکمل کرنے پرسول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس کو مبارک باد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایک ماہ پر محیط اس پروبیشن سروس ٹریننگ  سے نہ صرف شرکاء کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہو گا بلکہ اس سے لوگوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی میں بھی مددملے گی ۔ ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے کہا کہ چیئرمین خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور  ، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ  جسٹس یحیی آفریدی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں نئے بھرتی ہونے والے ایک سو تین سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس کےلئے پروبیشن سروس ٹریننگ کے سلسلے میں تاریخ میں پہلی مرتبہ خصوصی کورس مرتب کیا گیا جس کے تحت ان ججز کو تربیت گئی ۔

 ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی محمد مسعو خان  نے کہا کہ خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی نے دو ہزار بارہ سے دو ہزار سولہ کے درمیانی عرصہ میں جوڈیشل افسران اور نظام انصاف سے منسلک تمام سٹیک ہولڈرز کے مختلف ایک سوبتیس ٹریننگز، سیمینارز اور ورک شاپس کے ذریعے تین ہزار پانچ سو ستاسی شرکاء کو ٹریننگ فراہم کی ہے ۔

 ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے کہا کہ چیئرمین خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی ، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں جوڈیشل اکیڈمی مختلف کورسز ڈیزائن کر رہی ہے جن کے تحت صوبہ کے مختلف اضلاع میں تعینات جوڈیشل افسران سمیت نظام انصاف سے منسلک دیگر سٹیک ہولڈرز کےلئے تربیتی پروگرامز منعقد کئے جائیں گے ۔

شرکاء کی جانب سے  نمائندہ کلاس نے ایک ماہ کی تربیتی پروگرام کو مفید اور قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ٹریننگ میں زیادہ فوکس عملی کام پر دیا گیا تھا جو کہ ان کےلئے پیشہ وارانہ زندگی میں مفید اور کارآمد ثابت ہوگا ۔

تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی محمد مسعود خان نے پروبیش سروس ٹریننگ مکمل کرنے والے سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیں جبکہ شرکاء ٹریننگ کی جانب سے ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی پشاور کو پینٹنگ بھی پیش کی گئی ۔