07-07-2017

خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں صوبہ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوان وکلاء کےلئے تیسراپانچ روزہ تربیتی پروگرام مکمل ہو گیا ہے جو تین جولائی سے شروع ہوا تھا  اس پانچ روزہ تربیتی پروگرام میں شعبہ وکالت میں قدم رکھنے والے نئے وکلاء کے چوتھے بیچ کو تربیت دی گئی۔

پانچ روزہ تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں منعقد ہوئی جس میں سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمدآصف خان ، ڈین فیکلٹی خواجہ وجہہ الدین ، سینئر ڈائریکٹرریسرچ اینڈ پبلی کیشن شیراز نور ثانی اور ڈائریکٹر انسٹرکشن ضیاء الرحمان اور ہاجرہ رحمان سمیت شرکاء ٹریننگ نے شرکت کی ۔

ڈین فیکلٹی خواجہ وجہہ الدین نے اپنے خطاب میں شرکاء کو پانچ روزہ تربیتی پروگرام  کےلئے جودیشل اکیڈمی آمد پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبہ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوان مرد و خواتین وکلاء کی تربیت کےلئے خصوصی کورس مرتب کیا گیا ہے۔

 جس کے تحت رواں سال تین سو نئے لاء گریجویٹس کو تربیت دی جائے گی ان کا کہنا تھا کہ پانچ ، پانچ دنوں پر محیط ان خصوصی تربیتی پروگرامز میں شعبہ وکالت میں قدم رکھنے والے نئے وکلاء کو مختلف پیشہ وارانہ امور کی عملی مشقیں کرائی جائیں گی اور یہ پانچ روزہ تربیتی پروگرام اس سلسلے کا چوتھا تربیتی پروگرام تھا۔ تقریب کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والے ینگ وکلاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئیں۔

اس سے قبل  آج پانچ روزہ تربیتی پروگرام کے پانچویں اور آخری دن  ریسورس پرسن ڈاکٹر حکیم آفریدی نے سائنٹیفک ایویڈینس  کے موضوع پر مفصل لیکچر دیا ۔