15-03-2017

ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی آج پندرہ مارچ سے چھٹی مردم شماری کے پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے ۔

مردم شماری کے پہلے مرحلے میں خیبر پختونخوا کے تیرہ اضلاع پشاور ، مردان ، صوابی ، ڈیرہ اسماعیل خان ، ہنگو ، چارسدہ ، نوشہرہ ، ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، ہری پور، بٹگرام ،لکی مروت اور طور غر میں مردم شماری و خانہ شماری  منعقد کی جا رہی ہے۔

مردم شماری کے پہلے مرحلے میں ابتدائی طور پر خانہ شماری کی جائے گی جبکہ بعد ازاں مردم شماری کا عمل شروع کر دیا جائے گا جو ایک ماہ تک جاری رہے گا جس کےلئے ہر تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنروں کو فوکل پرسنز مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ہر ٹیم کے ساتھ ایک فوجی جوان بھی موجود رہے گا ۔

مردم شماری کا آغاز آج صبح آٹھ بجے سے شروع ہوا جبکہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں اس سلسلے میں سرکاری سطح پر تقریب گورنر ہاوس پشاور میں منعقد ہوئی جس میں گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے اپنے کوائف کا اندراج کراتے ہوئے اس کا باقاعدہ آغاز کیا ۔واضح رہے کہ مردم شماری کا پہلا مرحلہ پندرہ اپریل تک جاری رہے گا جبکہ دوسرا مرحلہ پچیس اپریل سے شروع ہوکر پندرہ مئی تک جاری رہے گا۔