23-08-2017

ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ذوالحجہ کل  بروز جمعرات ہو گی جبکہ ملک بھر میں عید الاضحیٰ 2 ستمبر کو منائی جائے گی۔

ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کی۔ اجلاس میں چاند کی شرعی رویت کے حوالے سے ملک بھر سے شہادتوں کے موصول ہونے کا انتظار کیا گیا مگر کہیں سے بھی چاند کی رویت کی اطلاع موصول نہ ہوئی جس کے بعد مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا یکم ذوالحجہ 24 اگست بروز جمعرات ہو گی جبکہ وطنِ عزیز میں عیدِ قربان بروز ہفتہ 2 ستمبر کو منائی جائے گی۔