02-08-2017

رجسٹرار سپریم کورٹ  پاکستان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے کچھ حصوں کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جسٹس آصف سعید کھوسہ کے درمیان گفتگو کے حوالے سے جو تاثر دیا گیا ہے وہ بالکل بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔

 رجسٹرار سپریم کورٹ ارباب محمد عارف  کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان اعلیٰ عدالت کے سینئر ترین جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کو جانتے ہیں اور نہ ہی انھوں نے کبھی ذاتی حیثیت میں ان سے ملاقات کی ہے۔

سپریم کورٹ کے رجسٹرار  نے بیان میں کہا کہ ان خبروں میں یہ تاثر دیا گیا کہ عمران خان نے ایک انٹرویو میں یہ کہا تھا کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ان سے کہا تھا کہ وہ پاناما پیپرز سکینڈل کے حوالے سے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرائیں، لیکن یہ الزام قطعاً بے بنیاد اور غلط ہے۔سپریم کورٹ نے یہ وضاحتی بیان پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ایک نجی ٹی وی چینل پر دیے گئے انٹرویو کے حوالے سے سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا میں جاری بحث کے تناظر میں جاری کیا ہے۔