15-02-2017

احتساب عدالت پشاور نے زرعی ترقیاتی بینک لکی مروت کے اہلکاروں سمیت پانچ گرفتار ملزمان کو مزید تیرہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔

نیب کے سینئر پراسیکیوٹر کے مطابق  ملزمان خوشدل خان ، بنیامین ، زری گل ، سجاد احمد اور محمد فیاض کو جسمانی ریمانڈ کے بعد احتساب عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالت کو بتایا کہ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ملی بھگت سے غیر کاشتکاروں اور زمین کے جعلی مالکان کے نام پاس بک بنا کر زرعی بینک میں بیس فائلیں جمع کراکے لاکھوں کا قرضہ حاصل کیا ۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان سے پوچھ گچھ ابھی باقی ہے لہذا ان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے ۔

عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرکے پانچوں ملزمان کو مزید تیرہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر دیا۔