03-05-2017

پشاور ہائی کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق ایڈیشنل جج عظیم آفریدی کی عدم توثیق کے خلاف دائر رٹ پر سیکرٹری جوڈیشل کمیشن اور رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ سے کل تک جواب طلب کر لیا ہے ۔

جسٹس وقار احمد سیٹھ اورجسٹس لعل جان خٹک پر مشتمل دو رکنی بنچ نے خیبر پختونخوا سروس ٹربیونل کے چیئرمین اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج عظیم آفریدی کی جانب سے دائر رٹ پٹیشن کی سماعت کی ۔

دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت سے استدعا کی انہیں مہلت دی جائے اور رٹ کی سماعت چار مئی تک ملتوی کی جائے جس پر فاضل عدالت نے رٹ پر سماعت ملتوی کرتے ہوئے سیکرٹری جوڈیشل کمیشن اور رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ سے جواب کل جمعرات کے روز تک طلب کر لیا۔