29-03-2018

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیٰی آفریدی کی معذرت کے بعد سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف کیس کی سماعت کرنے والا خصوصی عدالت بنچ  ٹوٹ گیا ہے۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیٰ آفریدی نے پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت سے معذرت کرلی ہے ۔

عدالتی حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے جسٹس یحیٰ آفریدی پر جانبداری کا الزام لگایا گیا تھا جس میں مؤقف پیش کیا گیا کہ جسٹس یحیٰ آفریدی سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار چوہدری کے وکیل رہ چکے ہیں تاہم حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ  جسٹس یحیٰ آفریدی کبھی بھی سابق چیف جسٹس کے وکیل نہیں رہے بلکہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے 3 نومبر کے اقدام کے خلاف بطور وکیل درخواست دائر کی تھی تاہم انصاف کے تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے جسٹس یحییٰ آفریدی نے بینچ سے علیحدگی اختیار کی ہے۔خیال رہے کہ خصوصی عدالت کا 3 رکنی بنچ جسٹس یحیٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس یاور علی اور جسٹس طاہرہ صفدر پر مشتمل ہے۔