11-09-2017

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں پولیس افسران کی اپیلیں سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئےان کی سزاؤں کو معطل کردیا ہے ۔

جسٹس طارق عباسی اور جسٹس حبیب اللہ عامر پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سزا یافتہ پولیس افسران سابق سی پی اوسعود عزیز اور سابق ایس پی خرم شہزاد  کی اپیلوں پر سماعت کی جس میں موقف اپنایا گیا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ان کی طرف سے پیش کیے گئے شواہد کو نظر انداز کیا، عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا غیر قانونی ہے لہذا سزاؤں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کیا جائے۔

عدالت نے انسداد دہشت گردی کی عدالت اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ طلب کرلیا جبکہ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ۔