14-04-2018

سپریم کوٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق ہائیکورٹ میں زیر التوا تمام مقدمات دو ہفتے میں نمٹانے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے جسٹس علی باقر نجفی رپورٹ عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنانے کی بھی ہدایت کر دی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں  دو رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سانحہ ماڈل ٹاؤن از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ پراسکیوٹر جنرل پنجاب نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دونوں مقدمات اور استغاثہ کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایڈووکیٹ جنرل آج شام چار بجے تک رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائیں۔

سپریم کورٹ نے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز اعوان کو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے جج اعجاز اعوان کی چھٹی بھی منسوخ کر دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ماورائے قانون کوئی اقدام نہیں کرینگے ، میرے ججز کی عزت نہ کرنیوالا کسی رعایت کا مستحق نہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا میاں نواز شریف سمیت سیاسی شخصیات کی طلبی سے متعلق کوئی حکم دہشتگردی عدالت میں موجود ہے؟