08-08-2017

پاکستان نے ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں میڈلزکی سلورجوبلی مکمل کرلی ہے اور  ان 25 میڈلز میں6 گولڈ،8 سلور اور 11برانز میڈلز شامل ہیں۔

سری لنکا کے شہر کولمبو میں جاری ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں پاکستان کے 17 کھلاڑیوں نے چارمختلف ایونٹس میں کامیابیاں حاصل کیں، ان میں کیڈٹ، جونیئر، انڈر 21 اور سینئرکیٹیگریز کے مقابلے شامل ہیں۔چیمپئن شپ  کی سینئر کیٹیگری میں معروف انٹر نیشنل کھلاڑی سعدی عباس نے 75 کلوگرام  کے درجہ میں اول پوزیشن کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا، بازمحمد نے 84 کلو گرام میں کامیابی پاکر طلائی تمغہ اپنے نام کیا، نصیراحمد 67 کلو گرام میں گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔پاکستانی دستے میں شامل شہباز خان نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، انھوں نے 61 کلو گرام کی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن پائی، ویمنز ایونٹ میں نرگس نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے 68 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلوایا۔ چیمپئن شپ کے لیے قومی دستہ میں 6 خواتین اور11 مردکراٹے کاز شریک ہوئے۔