04-04-2018

پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا حکومت کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری محکموں میں خصوصی افراد کی بھرتی کے کوٹے اور اس حوالے سے رولز ریگولیشن کو عام کیا جائے کیونکہ بیشتر افراد اس بات سے ناواقف ہیں۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی اورجسٹس سید افسر شاہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے مختلف سرکاری محکموں میں معذور افراد کی بھرتیوں کے کوٹوں کے حوالے سے دائرایک ہی نوعیت کی مختلف رٹ درخواستوں کی سماعت کی ۔

دوران سماعت ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ بہت سارے افراد کو سرکاری محکموں میں خصوصی افراد کے دو فیصد کوٹے کا علم ہی نہیں اور نہ ہی اس حوالے سے رولز ریگولیشن کا انہیں علم ہوتا ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس بات کو مشتہر کیا جائے ۔

عدالت نے صوبائی حکومت کو ہدایات دیتے ہوئے کیس کی سماعت اگلی تاریخ تک ملتوی کردی ۔