24-03-2017

سندھ ہائی کورٹ نے مردم شماری میں سندھ میں رہائش پذیرغیر ملکیوں کو شامل کرنے کے خلاف دائررٹ  درخواست  پر سماعت 3 اپریل تک ملتوی کر دی ہے ۔

 سندھ ہائی کورٹ میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر اور مولا بخش چانڈیو نے مردم شماری کے خلاف درخواست دائر کر دی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سندھ میں رہائش پذیرغیر ملکیوں کو بھی سندھ کے باسیوں کے طور پر گنا جا رہا ہے جو غلط ہے اس طرح  مردم شماری کے عمل میں آئین کے آرٹیکل 2 ، 4 اور 19 کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے اورمردم شماری غیر منصفانہ ہو رہی ہے ۔ عدالت نے  درخواست گزار کے وکیل کودرخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دینے کا حکم دیا اور کہا کہ آئندہ سماعت پر درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل دئیے جائیں ۔

عدالت نے وفاق اور سندھ حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 3 اپریل تک ملتوی کر دی ۔