03-07-2017

انسداد دہشتگردی کی خصوصی  عدالت اسلام آباد کے جج کی رخصت کے باعث سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر سے متعلق کیس میں کوئی کارروائی نہ ہو سکی ، گرفتار چار ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں اٹھارہ جولائی تک کی توسیع کر دی گئی ۔

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر سے متعلق کیس کی سماعت آج ہونا تھی ۔ فاضل جج سید کوثر عباس زیدی کی رخصت کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی ۔ ڈیوٹی جج نے پروفیسر انوار سمیت چاروں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کر دی ۔ ملزمان کو 18 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا تھا ۔