26-10-2017

سپریم کورٹ میں صوبہ خیبر پختونخوا میں پچیس ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کی تقرریوں کے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلوں کے خلاف ناکام قرار دیئے جانے والے متعدد امیدواروں کی اپیلوں کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کیس کی مزید سماعت سے معذرت کرتے ہوئے معاملہ کسی دوسرے بنچ کو بھجوانے کی ہدایت کے ساتھ کیس کی سماعت موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی ہے ۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطاء بندیال اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل تین رکنی بنچ نے دائر اپیلوں کی سماعت کی دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ان کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کے دوران انہوں نے اس سے ملتے جلتے معاملہ پر فیصلہ دیا تھا کہ ہائی کورٹ کے انتظامی حکم کے خلاف رٹ پٹیشن دائر نہیں کی جاسکتی ہے اس لئے وہ اس کیس کی سماعت نہیں کر سکتے ہیں ۔

دوران سماعت اپیل کنندہ نے عدالت سے استدعا کی کہ معاملہ واپس پشاور ہائی کورٹ کو بھجوانے کا حکم جاری کرتے ہوئے ہمارے کیس کی نگرانی کےلئے بھی سپریم کورٹ کے کسی جج کو نگران جج مقرر کیاجائے تاہم عدالت نے ان کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس دوسرے بنچ منتقل کرنے کی ہدایت کے ساتھ سماعت ملتوی کردی ۔