09-10-2017

سپریم کورٹ میں رواں ہفتے اہم مقدمات کی سماعت کےلئے چھ بنچ تشکیل دیئے گئے ہیں جن میں پانچ اسلام آباد اور ایک بنچ لاہور سپریم کورٹ رجسٹری میں مقدمات سنے گا۔

ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق بنچ نمبر ایک چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار ، جسٹس عمر عطابندیال اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل ہے جو کل منگل کو جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف جہانگیر ترین کی نااہلی کے مقدمہ کی سماعت کرے گا۔ بنچ نمبر دو جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس دوست محمد خان  جبکہ بنچ نمبر تین اعجاز افضل خان کی سربراہی میں جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل ہے جو بدھ کو ای او بی آئی کرپشن کیس کی سماعت کرے گا۔اسی طرح بنچ نمبر چار جسٹس گلزار احمد ، جسٹس مقبول باقر اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل ہے ، بنچ نمبر پانچ جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل ہے جبکہ لاہور برانچ رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کرنے والا بنچ نمبر چھ جسٹس منظور احمد ملک اورجسٹس سردار طارق مسعود پر مشتمل ہے