14-04-2018

سپریم کورٹ نے وزرا اور سرکاری افسران کے زیر استعمال لگژری گاڑیوں کے استعمال کا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملک بھر کے وفاقی اور صوبائی محکموں سے لگژری گاڑیوں کے استعمال کی رپورٹ طلب کرلی۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ریلوے میں 60 ارب روپے خسارے کے از خود نوٹس کیس کی سماعت  کے دوران  چیف جسٹس پاکستان نے لگژری گاڑیوں کے استعمال کا نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا بتایا جائے کہ کتنے وفاقی وزرا اور سرکاری افسران اپنی حیثیت سے زیادہ پرتعیش گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔

سپریم کورٹ نے تمام صوبوں کے کابینہ سیکرٹریز اور وفاقی سیکرٹریز کو رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا۔ عدالت نے تمام صوبوں کے ہائیکورٹ کے چیف جسٹسز کے زیر استعمال لگژری گاڑیوں کی بھی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام ہائیکورٹس کے رجسٹرار 15 دنوں میں رپورٹ جمع کروائیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ملک میں صحت اور تعلیم کی خراب صورتحال ہے لیکن افسران لگژری گاڑیوں کے مزے لے  رہے ہیں۔