19-04-2018

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے آئی جی خیبر پختونخوا کو غیر متعلقہ افراد سے سیکیورٹی واپس لینے کا حکم دے دیا ہے۔

سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے آئی جی خیبر پختونخوا سے کہا کہ ہم نے آپ کی بہت تعریف سنی ہے، دہشتگردی میں آپ کا بہت ذاتی نقصان ہوا ہے۔ غیر متعلقہ لوگوں کے پاس سیکیورٹی کے نام پر کتنی پولیس فورس ہے؟

آئی جی خیبر پختونخوا نے بتایا کہ 3 ہزار کے قریب اہلکار غیر متعلقہ افراد کی سیکیورٹی پر تعینات ہیں، 900 اہلکاروں کو واپس بلالیا گیا ہے جبکہ دیگر کو مرحلہ وار واپس بلارہے ہیں، اس میں ایک ہفتہ لگے گا۔ چیف جسٹس نے آئی جی خیبرپختونخوا کو غیر متعلقہ افرادکی سیکیورٹی  آج رات تک واپس لینے کا حکم دیا۔ جس پر آئی جی صلاح الدین محسود نے حکم پر فوری عمل کی یقین دہانی کرادی۔