03-04-2018

سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں کورنگ نالے کے اطراف غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کاروائی کا حکم دیتے ہوئے دو ہفتے میں پیشرفت رپورٹ طلب کر لی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ دو سے تین ہفتے میں کام نہ ہوا تو طارق فضل چوہدری ذمہ دار ہوں گے۔

سپریم کورٹ میں بنی گالہ غیر قانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ سی ڈی اے نے ریگولیشنز فائنل کر لی ہیں، 30 مارچ 2018 سے قبل ہونے والی تعمیرات ریگولر جبکہ بعد میں ہونے والی تعمیرات مسمار کر دی جائیں گی۔

عدالت نے حکم دیا کہ ریگولائیزیشنز اور متعلقہ قوانین کی دو ہفتے منظوری اور سیوریج منصوبے کی ماہانہ پیشرفت رپورٹ پیش کی جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ دو سے تین ہفتے میں کام نہ ہوا تو طارق فضل چوہدری ذمہ دار ہوں گے۔

عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے بوٹینیکل گارڈن تجاوزات کے زیرالتوا مقدمات کا ریکارڈ جبکہ پنجاب حکومت کو کل تک سیوریج منصوبہ فنڈنگ سے متعلق آگاہ کرنے کا حکم بھی دے دیا۔