17-04-2017

سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا ہے کہ جائیداد میں بہنوں کا حصہ کیوں برداشت نہیں ہوتا ، خواتین کو حصہ دینے میں آخر حرج کیا ہے کھبی نہیں دیکھا کہ کسی بھائی نے بہن کو اپنا حصہ دیا ہو ۔

یہ ریمارکس انہوں نے جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس قاضی فائز عیسی اورجسٹس سردار طارق مسعودپر مشتمل سپریم کورٹ کے فل کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف محمد نواب نامی شہری کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کے دوران دیئے ۔

دوران سماعت جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ قرآن پاک میں خواتین کےلئے جائیداد میں حصہ مختص کیا گیا ہے ، بطور مسلمان ہمیں بہنوں کو ان کا شرعی حصہ دینا چاہیئے ۔

فاضل عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر دائر اپیل مسترد کر دی اور ہائی کورٹ کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے برقرار رکھا ۔