26-09-2017

سپریم کورٹ نے نیشنل بینک کے پینشنرز کی سالانہ اضافے سے متعلق اپیلیں منظور کر لی ہیں۔

جسٹس اعجازافضل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے نیشنل بینک پینشنرزکیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنا یا ۔عدالت نے مختلف ہائی کورٹس کے فیصلوں کے خلاف بینک انتظامیہ کی تمام درخواستیں خارج کرتے ہوئے پینشنرزکی سالانہ اضافے سے متعلق اپیلیں منظورکرلیں۔

عدالت نے ہائی کورٹس کا فیصلہ برقراررکھتے ہوئے 33 فیصد کے بجائے پینشنرزکو70فیصد پینشن ادا کرنے کا حکم جاری کردیا۔ واضح رہے کہ  1999 میں بینک انتظامیہ نے قواعد کے خلاف فیصلہ کرتے ہوئے پینشن کی ادائیگی 70فیصد سے کم کرکے 33 فیصد کردی تھی جس سے بینک کے 6ہزارسے زائد افراد متاثرہوئے ۔

بینک انتظامیہ نے پینشن میں سالانہ اضافہ بھی روک دیا تھا ،18سال کی مسلسل قانونی جنگ کے بعد عدالت نے پینشنرز کی دادرسی کرتے ہوئے پینشنرز کے حق میں فیصلہ دےدیا۔