30-03-2017

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ پورے یقین سے کہتا ہوں سپریم کورٹ کےججزکسی مصلحت یا خوف کا شکار نہیں۔

سپریم کورٹ کے جج جسٹس امیر ہانی مسلم کے اعزاز میں عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ وکلا ءخوف کاشکار نہ ہوں اور اداروں کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ اداروں کا مضبوط ہونا ملک کا مضبوط ہونا ہے، ہمیں مصلحت اور مفاد پرستی کا شکار نہیں ہونا چاہیئے’۔

 چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ‘کون لوگ ہیں جو وسوسے پیداکررہے ہیں؟  ہمیں مل کر اداروں کو کمزور کرنے والوں کو ڈھونڈنا ہوگا’۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے انصاف کی فراہمی میں جسٹس امیر ہانی مسلم کے کردار کو بھی سراہا۔اس موقع پر جسٹس امیر ہانی مسلم کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بات فل کورٹ میں کریں گے،تقریب میں وکلاء کی اتنی بڑی تعداد دیکھ کرلگتا ہے کہ سب مجھ سے بہت پیار کرتے ہیں۔