05-06-2017

سپریم کورٹ کے سینئیر ترین جج جسٹس آصف سعید کھوسہ نے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھا لیا ہے۔

ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار سرکاری دورے پر چین گئے ہیں جس کے باعث ان کی وطن واپسی تک سینئیر ترین جج جسٹس آصف سعید کھوسہ قائم مقام چیف جسٹس کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

 اس سلسلے میں ان کی حلف برداری سپریم کورٹ میں انجام پائی اورجسٹس اعجاز افضل خان نے ان سے حلف لیا۔ اس موقع پر سپریم کورٹ کے فاضل جج صاحبان، سینئیر وکلاء، اٹارنی جنرل پاکستان اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ آئین کے تحت چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ خالی نہیں رکھا جاسکتا۔ چیف جسٹس کی غیر موجودگی کی صورت میں سینئیر ترین جج عارضی طور پر یہ عہدہ سنبھالتے ہیں۔