15-05-2018

ایوان بالا یعنی سینٹ آف پاکستان  نے صنعتی تعلقات ترمیمی بل 2017کی اتفاق رائے سے منظوری  دے دی  ہےجبکہ 5 دیگر بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دیئے  گئے ہیں ۔

سینٹ کے اجلاس کے دوران سنیٹر محمد علی سیف نے دستور اسلامی جمہوری پاکستان میں مزید ترمیم کرنے کا بل دستور ترمیمی بل 2018 پیش کرنے کیلئے تحریک پیش کی اور کہا کہ اس بل کا مقصد انتخابی حلقوں میں ووٹوں کے فرق کو ختم کرنا ہے کیونکہ بعض حلقوں میں بہت زیادہ ووٹر ہیں اور بعض میں ووٹرز کی تعداد بہت کم ہے ، اس کو برابر لایا جانا چاہیے ، ایوان میں کسی بھی وزیر کی عدم موجودگی پر قائم مقام چیئرمین سینیٹ سلیم حسین مانڈوی والا نے ایوان سے بل کی منظوری لیتے ہوئے اسے مزید غور کیلئے متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔

ایوان میں اسلام آباد ادارہ برائے خالص خوراک بل 2018 ، تھیلیسیمیا کے مریضوں کے رشتہ داروں کے خون کا لازمی ٹیسٹ بل ،مجموعہ تعزیرات پاکستان 1860اور مجموعی ضابطہ فوجداری 1898 میں مزید ترمیم کا بل سمیت پاکستان کوریئر اینڈ لاجسٹکس اتھارٹی بل 2018کے بل ایوان میں پیش کئے ،ایوان سے منظوری کے بعد چیئرمین سینٹ نے انہیں یہ بل پیش کرنے کی اجازت دی اور پھر تمام بلوں کومتعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔